کرایہ دار کا مکان دار پر حملہ،کرایہ کی ادائیگی پر جھگڑا

حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حسن نگر کے علاقہ میں کرایہ دار کی جانب سے مکاندار پر حملہ کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مکان کے کرایہ کی ادائیگی کے مسئلہ پر دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا ۔ اور کرایہ دار تجمل نے اس کے مکاندار عبدالرشید پر مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق تجمل سے عبدالرشید کرایہ کی رقم طلب کررہے تھے اور کرایہ دار رقم کی ادائیگی میں مسلسل ٹال مٹول کررہا تھا آج کرایہ کی رقم پوچھنے پر دونوں میں بحث و تکرار ہوئی اور اس دوران کرایہ دار مشتعل ہوگیا اور اس نے مکاندار پر چاقو سے متعدد وار کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا ۔ زخمی عبدالرشید کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔۔