کراچی پریس کلب میں مسلح افراد گھس آئے

صحافیوں کو ڈرایا دھمکایا،تحقیقات کرنے پولیس کا تیقن
کراچی۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) متعدد مسلح افراد جو سادہ لباس میں تھے، کراچی پریس کلب میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے وہاں موجود صحافیوں کو ڈرایا دھمکایا۔ کراچی پریس کلب کے دفتری ارکان نے یہ بات بتائی جس کے مطابق جمعرات کی شب 10:30 بجے درجنوں مسلح افراد پریس کلب میں داخل ہوئے۔ دفتری ارکان کے ایک رکن نے کہا کہ پریس کلب اس بات کی علامت ہیکہ آزادیٔ اظہارخیال اور جدوجہد ہی زندگی کے رہنمایانہ اصول ہیں۔ ان افراد نے پریس کلب کے مختلف کمروں کا جائزہ لیا جیسے انہیں کسی کی تلاش ہو۔ انہوں نے پریس کلب کے باورچی خانہ کا بھی معائنہ کیا جبکہ کچھ لوگ عمارت کی پہلی منزل پر جاکر اسپورٹس ہال کا معائنہ کرنے لگے۔ انہوں نے جبری طور پر پوری عمارت کی ویڈیو بنائی اور سیل فون کیمروں سے تصاویر بھی کھینچی۔ اس واقعہ کے فوری بعد پریس کلب کے دفتری ارکان نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ڈاکٹر امیر احمد شیخ کو مطلع کیا۔ انہوں نے اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرنے کا تیقن دیا۔ صحافیوں نے اس واقعہ کے خلاف بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔