کراچی میں گرفتاری سے بچنے مفرور مجرم کا خاندان دریا میں غرق

کراچی ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایک مفرور مجرم کے رشتہ دار تین خواتین اور پانچ بچے اندیشہ ہے کہ غرق ہوکر ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ انہوں نے پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے خوف سے ایک دریا میں چھلانگ لگادی ۔ 8 افراد نے یہ انتہائی اقدام اس وقت کیا جبکہ پولیس اشتہاری مجرم کی تلاش میں ان کے گھر پہنچی۔ خبر رساں چیانل جیو نیوز کے بموجب ایک بچے کی نعش دریائے سمت کے تیز رفتار پانی سے برآمد کرلی گئی ہے جبکہ غوطہ خور دیگر نعشوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

جیو نیوز کے بموجب پولیس کے دھاوے کے وقت مفرور مجرم مکان پر نہیں تھا۔ پولیس سے خوفزدہ خواتین نے یرغمال بنائے جانے کے خوف سے تاکہ مطلوب مجرم کو خود سپردگی پر مجبور کیا جاسکے ۔ اپنے بچوں کے ساتھ دریا میں چھلانگ لگادی۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ مفرور مجرم ہنوز پولیس کے ہاتھ نہیں لگ سکا۔ مقامی افراد نے کہا کہ مفرور مجرم کا خاندان پولیس کی امکانی اذیت رسانی سے خوفزدہ تھا اور کسی بھی حالت میں گرفتاری سے بچنا چاہتا تھا۔