کجریوال پر ’’ڈکٹیٹر‘‘ ہونے کا پارٹی رکن اسمبلی کا الزام

عام آدمی پارٹی کی جانب سے بِنّی کے الزامات مسترد، کارروائی کی دھمکی
نئی دہلی ؍ غازی آباد 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی ونود کمار بِنّی نے آج پارٹی پر الزام عائد کیاکہ وہ اپنے انتخابی تیقنات سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے دہلی کے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ اُنھوں نے چیف منسٹر اروند کجریوال کو ’’ڈکٹیٹر‘‘ قرار دیا۔ لکشمی نگر کے رکن اسمبلی جو گزشتہ ماہ کابینہ میں عدم شمولیت پر ناراض ہیں، ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیادت پر کئی مسائل کے سلسلہ میں الزامات عائد کئے اور کہاکہ کانگریس کی تائید سے تشکیل حکومت کرتے ہوئے پارٹی نے اُصولوں کی قیمت پر سمجھوتہ کیا ہے۔

کجریوال ڈکٹیٹر بن گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دہلی کے عوام کو بے وقوف بنانا ترک کردیا جائے۔ پارٹی کے تمام فیصلے 4 یا 5 بند دروازے کے اجلاسوں میں کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص اختلاف رائے ظاہر کرے تو کجریوال برہم ہوجاتے ہیں اور چلاّنے لگتے ہیں۔ 39 سالہ رکن اسمبلی نے کہاکہ پارٹی اپنے نظریات فراموش کرچکی ہے اور ایک موقع پرست تنظیم بن گئی ہے۔ برسر اقتدار آنے کے بعد وہ پالیسی کو استعمال کرنے کے بعد پھینک رہے ہیں۔ سب سے پہلے اُنھوں نے انا ہزارے، کرن بیدی اور اب عوام کی کثیر تعداد کا استحصال کیا ہے۔ بِنّی نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی نے 700 لیٹر پانی ہر گھرانے کو مفت سربراہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب انتہائی چالاکی سے اعلان کیا ہے کہ حد پار کرنے کے بعد لوگوں کو مکمل رقم ادا کرنی ہوگی۔ برقی سربراہی کے محاذ پر بھی حکومت نے دہلی کے عوام سے دھوکہ کیا ہے۔ پارٹی نے بجلی کی سربراہی کا بِل نصف کردینے کا تیقن دیا تھا

لیکن برسر اقتدار آنے کے بعد اُن کا کہنا ہے کہ صرف اُن ہی افراد کو رعایت دی جائے گی جو 400 یونٹ کی حد پار نہیں کرتے۔ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ عام آدمی پارٹی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر عوام سے کئے ہوئے تیقنات کی 27 جنوری تک تکمیل نہ کی جائے تو وہ ہڑتال شروع کردیں گے۔ اُنھوں نے ڈنمارک کی خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی دوسری پارٹی برسر اقتدار ہوتی تو عام آدمی پارٹی نے شہر میں پرہجوم احتجاج کیا ہوتا اور حکومت پر تنقید کی ہوتی۔ کیا اُنھوں نے دہلی کی خواتین کے تحفظ کے لئے بھی ایسا کیا ہے۔ بِنّی کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے غازی آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب پارٹی کی سیاسی اُمور کمیٹی نے کہاکہ وہ بِنّی کے خلاف کارروائی کا آغاز کرے گی۔ وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی جائے گی۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر قائد یوگیندر یادو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج جب بِنّی تقریر کررہے تھے تو ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کہ وہ ایک تحریر کیا ہوا متن پڑھ رہے ہیں جو اُنھیں کسی اور نے دیا ہے۔ یہ تمام مسائل گزشتہ چند دن سے قائد اپوزیشن ہرش وردھن اُٹھارہے تھے۔ یادو نے کہاکہ یہ انتہائی غمناک بات ہے کہ پارٹی ارکان اسمبلی کا 14 جنوری کو مختلف مسائل پر غور و خوض کے لئے اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس کے دوران بِنّی نے ایک بھی مسئلہ نہیں اُٹھایا۔ لیکن اب برسر عام پریس کانفرنس کے دوران وہ حکومت اور پارٹی پر الزامات عائد کررہے ہیں۔