کجریوال اور مودی وہ ڈھول ہیں جن کی آوازطبلچی سمجھ سکتے ہیں

فرخ آباد۔30ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )وزیر خارجہ سلمان خورشید نے آج کہا کہ دہلی کے چیف منسٹر اپنے نوحاصل شدہ اقتدار پر فی الحال خود کو بلندیوں پر محسوس کرنے لگے ہیں ۔ مسٹر خورشید نے نریندر مودی اور اروند کجریوال کو ایسے ڈھول قرار دیا جس کی آواز صرف (آرکسٹرا میں شامل افراد) طبلچی ہی سمجھ سکتے ہیں ۔ دہلی میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے جدید نظام رائج کرنے کجریوال کی طرف سے 10دن کا وقت طلب کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ جذبات کے سہارے حکومتیں نہیں چلائی جاتیں اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال فی الحال اپنے نوحاصل شدہ اقتدار اور فتح کے سبب خود کو کافی بلندیوں پر محسوس کررہے ہیں ۔

مسٹر سلمان خورشید نے جو اپنے آبائی مقام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے کہا کہ ’’ نریندر مودی اور اروندکجریوال ایسے ڈھول ہیں جن کی آواز صرف آرکسٹرا میں شامل افراد ) طبلچی ہی سمجھ سکتے ہیں ۔ دہلی میں بی جے پی کو اقتدار سے محروم رکھنے کیلئے ایک نامور صنعتکار کی جانب سے دونوں پارٹیوں ( کانگریس اور عام آدمی پارٹی ) کے درمیان مفاہمت کروائے جانے سے متعلق بی جے پی لیڈر نتن گڈکری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صنعتکار کا نام بتایا جائے ۔

مسٹر خورشید نے حکومت اترپردیش کی جانب سے مظفر نگر فسادات کے متاثرین کے پناہ گزین کیمپوں سے زبردستی تخلیہ کو ’’ غیرانسانی‘‘ قرار دیا ۔ متاثرین کو ان کے گھر واپس کرنا صحیح ہے لیکن اس کیلئے اختیار کردہ طریقہ غلط ہے ۔ چار ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات میں کانگریس کی شکست پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسا ہوچکا ہے لیکن اس کے بعد ہمیشہ ہی ان کی پارٹی پہلے سے زیادہ مستحکم ہوکر ابھری ہے ۔