کجریوال اب نریندر مودی کو نشانہ بنائیں گے

احمد آباد 28 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کے حلقے میں مہم چلانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وہ 8 مارچ کو گجرات کا دورہ کرسکتے ہیں۔ گجرات وہ ریاست ہے جہاں عام آدمی پارٹی بی جے پی اور کانگریس کی متبادل کے طور پر ابھرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے گجرات کے کنوینر سکھدیو پٹیل نے بتایا کہ اروند کجریوال 8 مارچ کو گجرات کا دورہ رکینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ کی تفصیلات کو قطعیت دی جا رہی ہے تاہم وہ شہر میں ایک ریلی سے ضرور خطاب کرینگے

اور سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ کا مقصد ریاست گجرات کی ترقی کے دعووں کی حقیقت کا پتہ چلانا ہے ۔ کجریوال نے نریندر مودی کو ایک سے زائد موقعوں پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں ایک کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ گیس کی قیمتوں کے مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے ادعا کیا ہے کہ گیس کی قیمتوںکا جو تعین کیا گیا ہے اس کے نتیجہ میں مکیش امبانی کی ملکیت والی ریلائینس انڈیا لمیٹیڈ کو ہزاروں کروڑ کا فائدہ ہوا ہے ۔ کجریوال نے الزام عائد کیا کہ مکیش امبانی نریندر مودی سے کافی قربت رکھتے ہیں۔ کجریوال ریاست میں پہلی مرتبہ دورہ کرنے والے ہیں تاہم یہاں ان کیلئے کافی تائید ملنے کی امید کی جارہی ہے ۔ گجرات میں پارٹی کے چار لاکھ ارکان بتائے گئے ہیں۔