کتی مہیش کے سیاسی میدان میں داخلہ کے اعلان پر ہلچل

لوک سبھا کیلئے مقابلہ کا عزم، پرکاشم میں پریس کانفرنس

حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) تلگو فلم انڈسٹری میں ہر ایک پر تنقیدوں کے ذریعہ بالخصوص حالیہ دنوں میں ممتاز تلگو فلم اسٹار و صدر جنا سینا پارٹی پون کلیان اور ان کے کٹر حامیوں پر تنقید کے ذریعہ متنازعہ تصور کئے جانے والے تلگو فلم اداکار کتی مہیش نے اچانک سیاسی زندگی میں داخلہ کا سنسنی خیز اعلان کرکے نہ صرف ہلچل مچادی بلکہ سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ آئندہ انتخابات میں کسی ایک حلقہ لوک سبھا سے مقابلے کریں گے۔ آج ضلع پرکاشم میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کتی مہیش نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر دلت طبقات کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ مختلف سیاسی جماعتیں انتخابات سے عین قبل اپنے انتخابی وعدے تو بہت کرتے ہیں لیکن ان وعدوں پر عمل آوری ہرگز نہیں کی جاتی جس کے پیش نظر دلت طبقات کو متحد ہونے کی شدید ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ نئی دلت قیادت کو فروغ دینے کے مقصد سے وہ ریاست آندھراپردیش کے اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔ کتی مہیش نے واضح طور پر کہاکہ وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے بلکہ دلت طبقات کے مفادات کا تحفظ کرنے کا واضح تیقن دینے والی سیاسی جماعت کی تائید کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ سیاست میں تجربہ کار قائدین ہونا چاہئے جبکہ پون کلیان ہر معاملہ میں پیچھے قدم رکھنے کے عادی ہیں۔ وہ کبھی بھی آگے قدم نہیں بڑھاسکتے۔ مہیش نے تلگو فلم اسٹار و صدر جنا سینا پارٹی پون کلیان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں مختلف مقامات پر پیش آئے قتل کے واقعات درحقیقت وقار اور عزت نفس کیلئے نہیں ہیں بلکہ ذات پات کی بنیاد پر کئے گئے قتل واقعات ہیں۔ کتی مہیش نے ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ میں پیش آئے قتل کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مریال گوڑہ میں دلت طبقہ کے پرنئے کا قتل کیا گیا اور بعدازاں پرنئے کے مجسمہ کی تنصیب کی کوششوں میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں لہذا فی الفور مریال گوڑہ میں پرنئے کے مجسمے کی تنصیب عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔