کبڈی ورلڈ کپ کا 5 تا 15 ڈسمبرانعقاد

چندی گڑھ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام)پنجاب کے نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل نے آج پانچویں عالمی کبڈی کپ کے ترمیم شدہ پروگرام کی منظوری دیدی ۔ نئے پروگرام کے مطابق ٹورنمنٹ کا 5 سے 15 ڈسمبر تک انعقاد عمل میں آئے گا ۔ یہ فیصلہ مختلف کبڈی اسو سی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں لیا گیا ۔ واضح رہے کہ عالمی کبڈی لیگ کے 29 نومبر کو ہونے والے فائنل سے تاریخوں میں ٹکراو کی وجہ سے یہ تبدیلی کی گئی ہے ۔ مرد اور خواتین زمرے کے سیمی فائنل میں اگرچہ کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ یہ مقابلے پاکستان میں لاہور یا کسی دوسرے شہر میں منعقد ہوں گے ۔ سکھبیر سنگھ بادل نے مزید بتایا کہ عالمی کبڈی کپ میں مرد زمرے میں ہندوستان ،پاکستان ،ارجنٹینا ،امریکہ ،برطانیہ ،اسکارٹ لینڈ ،کینیڈا ،سیرالیون ،اسپین ،کینیا ء اور ڈنمارک کے اتھیلیٹس حصہ لیں گے ۔ جبکہ خواتین کے زمرے میں ہندوستان ،پاکستان ،نیوزی لینڈ ،کینیا ،برطانیہ ملائشیاء ،ڈنمارک اور میکسیکو کے خاتون اتھیلیٹس حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں کبڈی جیسے کھیل کو جسے بہت حد تک فراموش کردیا گیا تھا اب اس روایتی کھیل کو بام عروج پر پہنچانے کی مختلف گوشوں سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ پچھلے دنوں آئی پی ایل میچس کی طرح کبڈی کے میچس کو خریدتے ہوئے اسے فروغ دینے کی کوششیں کی گئی ہیں ۔ جیسا کہ سوپر اسٹار امیتابھ بچن نے بھی آج اپنے ٹوئٹر پیغام میں کبڈی جیسے کھیل کو فروغ دینے کی کوشش کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فرزند ابھیشیک بچن نے کبڈی ٹیم کو خریدتے ہوئے اس روایتی کھیل کو فروغ دینے کی جو کوشش کی ہے وہ اسے ایک قابل تقلید کی کوششوں کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔