کاویری مسئلہ، وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل

دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کرکے دوستانہ حل نکالنے پر زور
نئی دہلی ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک سے تعلق رکھنے والے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے آج کاویری مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی سے مداخلت کی خواہش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ کا دوستانہ حل تلاش کرنے کیلئے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کریں۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے تعلق رکھنے والے تقریباً 11 کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کاویری پانی کی تقسیم پر سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف یہ احتجاج کررہے تھے۔ سپریم کورٹ نے 20 ستمبر کو اپنے حکمنامہ میں کرناٹک کو ہدایت دی تھی کہ وہ 27 ستمبر تک ٹاملناڈو کے نشیبی علاقوں کو روانہ 600 کیوسکس پانی چھوڑے۔ کاویری مینجمنٹ بورڈ کے قیام کی بھی تجویز دی تھی۔ اس حکم کے بعد دونوں ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر احتجاجی مظاہرہ شروع ہوئے تھے۔ لوک سبھا ایم پی ڈی کے سریش بنگلور اری حلقہ لوک سبھا نے وزیراعظم سے مائندگی کے بعد کہا کہ ہم نے مودی جی سے درخواست کی ہیکہ وہ فوری اس سلسلہ میں مداخلت کریں تاکہ کاویری پارٹی تنازعہ کا دوستانہ حل نکالا جاسکے۔