کاؤنٹی کرکٹ میں 501 رنز کی شراکت کا نیا ریکارڈ!

لندن۔ 21 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کاؤنٹی میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے لنکا شائر کے بلے بازوں ایشول پرنس اور الویرو پیٹرسن نے پیر کو گلمورگن کے خلاف میچ میں تیسری وکٹ کیلئے 501 رنز کی شراکت قائم کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔یہ کاؤنٹی کرکٹ کی 151 سالہ تاریخ میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں محض 13واں موقع ہے جب کسی وکٹ کیلئے 500 رنز یا اس سے زائد کی ساجھے داری قائم ہوئی ہو۔یہ شراکت اس وقت ٹوٹی جب پرنس 261 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو ان کے کیریئر کا بہترین اسکور بھی ہے جبکہ چھ اوورز بعد آٹھ گھنٹے سے زائد بیٹنگ کرنے والے پیٹرسن بھی کیریئر کا بہترین اسکور 286 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ان دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت لنکا شائر نے میچ کے دوسرے دن چار وکٹ پر 625 رنز بنا لئے تھے۔