کانگو جھڑپ میں چار شہری اور ایک پولیس اہلکار ہلاک

گوما (عوامی جمہوریہ کانگو) ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی عوامی جمہوریہ کانگو میں ہوئی ایک جھڑپ کے دوران چار شہری اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب صدر جوزف کبیلا کو اقتدار سے دستبردار ہوجانے کے مطالبہ نے شدت اختیار کرلی۔ دریں اثناء ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے گوما کے ایک ڈسٹرکٹ میں خون میں لت پت چار نعشیں دیکھیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کی نعش متصلہ صوبہ مبانگا سے برآمد ہوئی۔ احتجاج اسوسی ایشن آف سیول سوسائٹی گروپس بشمول ملک میں تبدیلی کیلئے جمہوریت حامی تحریک کی جانب سے منظم کیا گیا تھا۔ ان تنظیموں نے اب واضح طور پر یہ بیان دینا شروع کردیا ہیکہ کبیلا کے خونریز دورحکمرانی کے خاتمہ کا آغاز ہوگیا ہے۔ کبیلا کی صدارتی میعاد گذشتہ سال ڈسمبر میں ہی اختتام پذیر ہوگئی تھی لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے اقتدار سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں کشیدگی اور بے چینی کی کیفیت پیدا کردی تھی۔