کانگریس کے ڈوبتے جہاز کو نہ پرینکا کا ’’گلیمر‘‘ بچاسکتا ہے اور نہ راہول

نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گاندھی خاندان کی ایک ممتاز رکن سینئر بی جے پی قائد منیکا گاندھی نے آج کہاکہ کانگریس کے ڈوبتے جہاز کو نہ تو پرینکا گاندھی کا ’’گلیمر‘‘ روک سکتا ہے اور نہ راہول گاندھی۔ وہ ایک خانگی ٹی وی خبر رساں چیانل سے بات چیت کررہی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کرپشن اور اسکامس نے پارٹی کی شبیہہ بُری طرح مسخ کردی ہے۔ اِس کے قائدین نے اِن تمام برسوں میں قوم کو دھوکہ دیا ہے اور اِس کے قائدین مسلسل عوام کو لوٹتے رہے ہیں۔ کانگریس ایک ایسی حالت میں ہے کہ اِسے اب نہ راہول گاندھی بچاسکتے ہیں اور نہ پرینکا۔ جب اُنھیں یاد دلایا گیا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی راہول گاندھی کی غیرمعمولی صلاحیتوں کی ستائش کی ہے، منیکا گاندھی نے کہاکہ وہ ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے ہی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پورا ملک جانتا ہے کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے اقتدار کی لگام اپنے ہاتھوں میں رکھی ہے

اِس لئے اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کس کو ذمہ داری دی جاتی ہے۔کانگریس راہول گاندھی کو گزشتہ 10 سال سے اُبھارنے کی کوشش کررہی ہے لیکن کیا ہوا؟ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کے لئے صورتحال اتنی بدتر ہے کہ اِسے اب کوئی نہیں بچاسکتا۔ نریندر مودی اور راہول گاندھی کے درمیان تقابل کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ دونوں کے درمیان تقابل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دریں اثناء جنتادل (یونائیٹیڈ) کے قائد علی انور نے کہاکہ راہول گاندھی کانگریس کے طاقتور ترین قائد ہیں۔ وہ انتہائی بااثر ہیں اور ایسے ہی برقرار رہیں گے۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے۔ راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کے بارے میں سوال پر اُنھوں نے کہاکہ یہ اُن کی پارٹی کا داخلی معاملہ ہے وہ اِس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ دریں اثناء مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ آسکر فرنانڈیز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ کل ہند کانگریس کا کل اہم اجلاس منعقد ہورہا ہے

جس میں راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار مقرر کردیا جائے گا۔ حالانکہ اِس سلسلہ میں اعلان کے بارے میں تجسس پایا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی قبول کریں یا نہ کریں وہی ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔ آسکر فرنانڈیز نے اُمید ظاہر کی کہ اُن کے خیال میں راہول گاندھی اِس تجویز کو قبول کرلیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کل تک انتظار کیجئے۔ راہول گاندھی کی امیدواری کا کل اعلان کردیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کے سینئر قائدین میں اِس بارے میں کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔ تمام قائدین بے حد خوش ہیں۔ گزشتہ چند دن سے وزارت عظمیٰ کے کانگریسی امیدوار کے بارے میں متضاد اطلاعات منظر عام پر آرہی تھیں۔ چند قائدین نے راہول گاندھی کو نامزد کرنے کی بھرپور تائید کی تھی جبکہ چند کے خیال میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا اعلان انتخابات سے قبل کانگریس کی روایت نہیں رہی۔ اِس لئے اِسی روایت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔