کانگریس کے زیر اہتمام جشن تلنگانہ کا انعقاد

حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے سلسلے میں کانگریس پارٹی ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں آج شب 7 بجے صبح ہی تاسیس تلنگانہ تقاریب کا شاندار پیمانے پر آغاز کیا گیا ۔ کانگریس قائدین و کارکنوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلنگانہ تاسیس تقاریب منظم کی گئیں ۔ تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کا کل اہتمام کیا گیا ۔ گلو کاروں و آرٹسٹوں نے زبردست انقلابی نغمے و گانے گائے ۔ اس موقعہ پر صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا و دیگر قائدین کانگریس پارٹی نے تلنگانہ جذبات میں شہ نشین پر ڈانس کرنا شروع کر دیا ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تہذیبی پروگرامس سے نہ صرف کانگریس قائدین و کارکن بلکہ عوام بھی زبردست محظوظ ہوئی

اور ساتھ ہی ساتھ گاندھی بھون جئے تلنگانہ کے نعروں سے گونج اٹھا ۔ ان تلنگانہ تاسیس تقاریب میں مسٹر پی لکشمیا کے علاوہ مسٹر انجن کمار یادو و دیگر کئی قائدین نے شرکت کی اور اس موقع پر قائدین کانگریس پارٹی نے تلنگانہ جدوجہد کے شہیدوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ مسٹر بی لکشمیا نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا اصل اعزاز کانگریس پارٹی کو حاصل ہے ۔ اور خصوصی طور پر علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا سہرا مسز سونیاگاندھی کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی خصوصی دلچسپی اور آندھرا میں کانگریس پارٹی کو ہونے والے نقصان کی پرواہ کئے بغیر علحدہ ریاست تلنگانہ کے تعلق سے سابق میں کئے ہوئے وعدے کو پورا کیا ۔ انہوں نے مسز سونیاگاندھی سے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے اظہار تشکر کیا ۔ بعدازاں کانگریس قائدین نے گاندھی بھون یادگار شہیدان تلنگانہ واقع روبرو ریاستی اسمبلی تک مشعل جلوس بھی منظم کیا ۔