کانگریس کی مرکزی انتخابی کمیٹی کا جمعرات کو اجلاس متوقع

نئی دہلی 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )راہول گاندھی لوک سبھا انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا عاجلانہ اعلان کرنا چاہتے ہیں چنانچہ کانگریس کی مرکزی انتخابی کمیٹی کا اولین اجلاس جمعرات کے دن منعقد ہونے کی توقع ہے ۔ منصوبہ کے بموجب جاریہ ماہ کے اواخر تک تمام امیدواروں کو قطعیت دے دی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کے بموجب مرکزی جانچ کمیٹیاں مختلف ریاستوں کیلئے پہلے ہی امیدواروں کی مختصر فہرسیتیں تیار کرچکے ہیں۔ چنانچہ اعلی سطح پر انتخاب کی مشق کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ ہی ریاستوں کی انتخابی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوچکے ہیں ۔ کئی ریاستوں کی انتخابی کمیٹیوں نے ایک سطری قرار داد منظور کرتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کو امیدواروں کو قطعیت دینے کی ذمہ داری سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امیدواروں کے انتخاب کا عمل تیز رفتار ہوگیا ہے ۔

حالیہ برسوں میں امیدواروں کے ناموں کو لمحہ آخر میں قطعیت دی جاتی تھی ۔ ایسا عام طور پر اس لئے کیاجاتا تھا تاکہ قبل از وقت اعلان سے پارٹی میں بغاوت کا آغازنہ ہوجائے لیکن یہ طریقہ غیر مفید ثابت ہوچکا ہے کیونکہ امیدواروں کو عوام سے ربط پیدا کرنے کیلئے بہت کم وقت ملتا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات امکان ہے کہ اپریل سے مئی کے دوران کسی بھی وقت منعقد کئے جائیں گے ۔ اس فیصلہ کے پیش نظر امیدواروں کو انتخابات کی تیاری کیلئے دو ماہ کا وقت حاصل ہوگا ۔ پارٹی کے 17 جنوری کو کل ہند اجلاس میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل سرگرمی کے ساتھ شروع کیا جاچکا ہے ۔ ذرائع کے بموجب راہول گاندھی چاہتے ہیں کہ امیدواروں کو انتخابات کی تیاری کیلئے کافی وقت دستیاب ہو ۔ اے کے انٹونی کمیٹی کو ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ذمہ داری اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کیلئے چند سال قبل دی گئی تھی ۔ اس نے سفارش کی ہے کہ انتخابات سے چند ماہ قبل امیدواروں کا اعلان کیا جانا چاہئے ۔ ان سفارشات پر کئی بار عمل آوری بھی کی جاچکی ہے ۔