کانگریس کی ترجمان پارٹی سے مستعفی، شیوسینا میں شامل

بدسلوکی کرنے والے کارکنوں کی بازماموری پر چترویدی کی برہمی
ممبئی 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی سابق ترجمان پرینکا چترویدی نے اس پارٹی سے استعفیٰ دے کر شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اترپردیش میں ان سے بدسلوکی کرنے والے کانگریسی کارکنوں کو پارٹی کے صدر نے باز مامور کردیا ہے جس پر دل برداشتہ اُنھوں نے اس پارٹی کو چھوڑتے ہوئے شیوسینا میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں پرینکا چترویدی کو اپنی پارٹی میں شامل کیا اور کہاکہ شیوسینا کارکنوں کو چترویدی کی شکل میں ایک اچھی بہن مل گئی ہے۔ چترویدی نے جو کانگریس میڈیا سل کی کنوینر بھی تھیں، اترپردیش کے متھرا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور دھمکیاں دینے پر پارٹی سے معطل کئے جانے والے کانگریس کارکنوں کی بازماموری پر دل برداشتہ ہوکر پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہوگئی تھیں۔