کانگریس کی تائید کرنے شعراء سے خواہش

انقلابی شاعر غدر اور ملوبٹی وکرامارک کی تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت

حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست نیوز) انقلابی شاعر غدر نے آج صدرنشین تلنگانہ کانگریس انتخابی مہم کمیٹی ملوبٹی وکرامارک سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ملوبٹی وکرامارک نے غدر سے خواہش کی ہیکہ وہ اور دوسرے شاعر۔ دانشور وغیرہ ٹی آر ایس کی ظالمانہ حکومت سے تلنگانہ کے عوام کو نجات دلانے کیلئے کانگریس کی تائید کریں جس مقصد کیلئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا گیا تھا اس کے اغراض و مقاصد کی تکمیل میں ٹی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ تلنگانہ میں جمہوری اداروں کے تحفظ اور اظہارخیال کی آزادی۔ سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرنے کیلئے ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام نے تحریک کے دوران علحدہ تلنگانہ ریاست کیلئے جو خواب دیکھے تھے اس کو کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے چکناچور کردیا ہے۔ سماج کا کوئی بھی شخص ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے اور نہ ہی دوبارہ ٹی آر ایس کو اقتدار پر دیکھنا چاہتا ہے لیکن ٹی آر ایس سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اور عوام کو ڈرا دھمکا کر دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے کانگریس قائدین کو گرفتار کررہی ہے یا ان پر جھوٹے مقدمات دائر کررہی ہے یا قدیم مقدمات میں انہیں پھنساتے ہوئے کانگریس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور کانگریس ان سیاسی حربوں سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کیلئے بھی پوری طرح تیار ہے۔