کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لینے آج اجلاس

سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا کی مخالف کے سی آر لیڈروں سے بھی ملاقات مقرر

حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا 31 جنوری کو حیدرآباد میں 2 اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے۔ گاندھی بھون میں جہاں وہ پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کریں گے وہیں ہوٹل گولکنڈہ میں بی جے پی کے قائد ناگم جناردھن ریڈی، تلگودیشم کے قائد ای پدی ریڈی کے علاوہ مخالف چیف منسٹر کے سی آر طاقتوں اور شخصیتوں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں عملاً انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ایک ہفتہ قبل صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی دہلی پہونچ کر پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال، مختلف جماعتوں کے قائدین کی کانگریس سے رابطہ اور دوسری اپوزیشن جماعتوں سے تعاون و اشتراک، تلنگانہ کانگریس قائدین کی بس یاترا پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راہول گاندھی نے اتم کمار ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ پہلے کانگریس قائدین میں اتحاد پیدا کریں اور قائدین کے درمیان رابطہ اور تال میل پیدا کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ اگر کسی مسئلہ پر نظریاتی اختلاف ہو تو مسئلہ کو ہائی کمان پر چھوڑ دیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آر سی کنٹیا چہارشنبہ کو حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ اور گاندھی بھون میں پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس کو اقتدار پر لانے کی حکمت عملی پر سینئر قائدین سے مشاورت کریں گے اور ان کی رائے اور تجاویز بھی حاصل کریں گے اور ساتھ ہی پارٹی قائدین کو مشورہ دیں گے کہ اگر دوسری جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو اس پر اعتراض نہ کریں۔ جو بھی نظریاتی اختلاف ہے اس کو پارٹی مفادات کیلئے فراموش کرتے ہوئے حکمراں ٹی آر ایس سے مقابلہ کرنے اور پارٹی کو اقتدار میں لا نے کے لئے اتحاد کا ثبوت پیش کریں۔ پارٹی میں سینئر قائدین کی اہمیت ہے وہ برقرار رہے گی۔ کانگریس قائدین میں اتحاد پیدا کرنے دوسری جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس سلسلہ میں کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔