کانگریس کیلئے قومی سلامتی اولین ترجیح،دہشت گردی ناقابل قبول

نئی دہلی، 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پرمسلح افواج پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس نے ہمیشہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس کا رویہ اپناتے ہوئے قومی سلامتی کو ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم، جے رام رمیش اور لیفنٹنٹ جنرل (ریٹائرڈ) ڈی ایس ہڈا نے میڈیا سے کہا کہ‘ہندوستانی فوج کو پاکستان اور سرحد پر دہشت گردوں سے نمٹنے ہمیشہ بغیر سیاسی مداخلت کے کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ موجودہ حکومت قومی سلامتی اور مسلح افواج کا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ کانگریس وزیراعظم اور ان کے معاوں پارٹیوں کی ایسی سبھی کوششوں کی مذمت کرتی ہے ۔مسٹر چدمبرم اور جنرل ہڈا نے کہا کہ سلامتی پالیسی عالمی مسائل میں مناسب طریقے سے مداخلت، ایک محفوظ پڑوسی، اندرونی مسائل کا پرامن حل، عوامی سلامتی اور اپنی اہلیتوں کی توسیع جیسے مسائل پر مرکوز ہونی چاہئے ۔اس کے ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اپنی سلامتی نظام اور فوجی ذرائع کو مستحکم کریں۔ کانگریس لیڈر وں نے الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہماری فوجی صلاحیتوں اور سلامتی نظام میں تشویشناک حد تک گراوٹ دیکھی گئی ہے اوریہ تب ہے جبکہ فوجی سلامتی پر سیاسی بیان بازی بھی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ ہماری جی ڈی پی کے مجموعی سلامتی بجٹ میں کمی ا س بات کی سب سے بڑی مثال ہے جو 2019 میں 57 برسوں میں سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔