کانگریس کو 213، بی جے پی کو 170 نشستیں

لوک سبھا چناؤ میں دیگر کو 160 سیٹیں: امریکی ویب سائٹ
نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی ویب سائٹ نے جاریہ لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کی زبردست کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے، نیز یہ کہ بی جے پی کی عددی طاقت 543 نشستی پارلیمنٹ میں محض 170 تک محدود ہوسکتی ہے۔ ایک رپورٹ جو medium.com میں شائع ہوئی، بتایا گیا کہ راہول گاندھی زیرقیادت انڈین نیشنل کانگریس 39% ووٹ تناسب کے ساتھ 213 نشستیں جیت سکتی ہے۔ بی جے پی کو ملنے والے ووٹوں کا تناسب بدستور 31% قائم رہ سکتا ہے جو 2014ء میں درج ہوا تھا۔ ایک برطانوی ریسرچ گروپ کا نام لئے بغیر حوالہ دیتے ہوئے ویب سائٹ نے کہا کہ 30 فیصد ووٹ تناسب کے ساتھ ہندوستان کی علاقائی پارٹیوں کو 160 نشستیں مل سکتی ہیں۔