کانگریس کو جھٹکا، اے جے ایل کو نیشنل ہیرالڈ ہاؤس خالی کرنے کا حکم

نئی دہلی، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائی کورٹ نے کانگریس کو جمعرات کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے ایسوسی ایٹ جرنلس لمیٹڈ (اے جے ایل) کو نیشنل ہیرالڈ ہاؤس خالی کرنے کا حکم دیا۔کانگریس نے دارالحکومت کے بہادرشاہ ظفر روڈ پر واقع ہیرالڈ ہاؤس کو خالی کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کو دو رکنی بینچ کے سامنے چیلنج کیا تھا۔چیف جسٹس راجندر مینن اور جسٹس وی کامیشور راؤ کی ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کے ہیرالڈ ہاؤس کو خالی کرنے کے حکم پر مہر لگا دی۔ ڈویژن بینچ نے اس معاملے پر سماعت مکمل کرنے کے بعد 18 فروری کو اپنا حکم محفوظ کرلیا تھا۔ تاہم بینچ نے خالی کرنے کا وقت نہیں بتایا ہے ۔ مرکزی حکومت کے ریئل اسٹیٹ افسر نے 30اکتوبر،2018 کو ایک حکم جاری کرکے اے جے ایل کو 15نومبر 2018تک ہیرالڈ ہاؤس خالی کرنے کو کہا تھا۔اے جے ایل نے ک اس حکم کو دہلی ہائی کورٹ کی سنگل بینچ کے سامنے چیلنج کیا تھا ،جس نے گزشتہ سال دسمبر میں ریئل اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے حکم کو صحیح ٹھہرایا تھا۔