کانگریس کو تلنگانہ میں 5 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی یقینی: جگاریڈی

حیدرآباد۔17 مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے دعوی کیا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی، رینوکا چودھری، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور کونڈاوشویشور ریڈی کو بالترتیب ملکاجگری، نلگنڈہ، کھمم، بھونگیر اور چیوڑلہ سے کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے حق میں تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی ضلع پریشد چیرمین کی نشست پر کانگریس کا قبضہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں سنگاریڈی میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ دیگر اضلاع میں بھی ضلع پریشد صدور نشین کی نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نتائج کے 40 دن بعد صدور نشین کے انتخاب کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین بلیک میل سیاست کررہے ہیں اور اپوزیشن کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر کسی ایک پارٹی کا تسلط نہیں رہتا بلکہ یہ عوام کے فیصلے کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ جگاریڈی نے شکایت کی کہ بعض پولیس عہدیدار کانگریس قائدین کو ہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ضرورت پڑنے پر ٹی آر ایس کی تائید سے راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ ٹی آر ایس مرکز میں کانگریس کی تائید کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے نتائج کچھ بھی ہوں اتم کمار ریڈی کو پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے برقرار رکھا جائے، اس سلسلہ میں وہ ہائی کمان کو مکتوب روانہ کریں گے۔ انہوں نے اس عہدے کے لیے سریدھر بابو اور ریونت ریڈی کے ناموں کی تجویز پیش کی۔ جگاریڈی نے کہا کہ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر رینوکا چودھری اور اتم کمار ریڈی کو مرکزی وزارت میں شامل کیا جائیگا۔