کانگریس کا تلجاپور سے انتخابی مہمات کا آغاز

: مہاراشٹرا انتخابات :
سونیا اور راہول گاندھی کی 8 تا 10 ریالیوں میں شرکت متوقع
تلجا پور (مہاراشٹرا) ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور صدر ایم پی سی مانک راؤ ٹھاکرے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کی جانب سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز ہندو یاترا کیلئے مشہور مستقر تلجاپور سے کریں گے جو مراٹھواڑہ کے عثمان آباد ضلع میں واقع ہے۔ سینئر کانگریس لیڈران موہن پرکاش، سشیل کمار شنڈے، اشوک چوہان، نارائن رانے اور ہرش وردھن پاٹل بھی آئندہ پندرہ دنوں میں مہاراشٹرا کا طوفانی دورہ کریں گے جہاں وہ اپنی انتخابی مہمات چلائیں گے۔ 15 اکٹوبر کو مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات منعقد شدنی ہیں۔ اس موقع پر مسٹر چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز تلجاپور سے کریں گے کیونکہ اس مستقر کی ایک مراٹھا تاریخ ہے۔ ہم مہمات کے آغاز سے قبل تلجا بھوانی کا آشیرواد لینا ضروری سمجھتے ہیں تاکہ اس کے بعد ہی عوام سے یہ کہہ سکیں کہ کانگریس نے ریاست میں کون کون سے اچھے کام کئے ہیں۔ مسٹر چوہان نے مزید کہا کہ کراڈ میں ان کا مقابلہ موجودہ ایم ایل اے سے نہیں بلکہ بی جے پی (اتل بھونسلے) سے ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ مہاراشٹرا میں صدر کانگریس سونیا اور نائب صدر راہول گاندھی بھی تقریباً 8 تا 10 ریالیوں سے خطاب کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرس تک رسائی حاصل کرسکیں۔ یاد رہیکہ پرتھوی راج چوہان نے گذشتہ ہفتہ ان کی حکومت اقلیت میں آجانے کے بعد وزیراعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا کیونکہ حلیف جماعت این سی پی نے تائید سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ ماقبل انتخابات این سی پی اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر فیصلہ کن بات چیت ناکام ہونے پر این سی پی نے کانگریس کی تائید سے دستبرداری اختیار کرلی تھی اور اس طرح پرتھوی راج چوہان کے پاس سوائے استعفیٰ دینے کے کوئی اور چارہ نہیں تھا۔