کانگریس کارکنوں کی امیتھی میں ’’پد یاترا‘‘

امیتھی 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی قائد کمار بسوا س کے عوام سے ربط قائم کرنے کے بعد کانگریس وکاس جن چیتنا پدیاترا راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب کے تمام 16 بلاکس میں شروع کرے گی۔ جس کے تحت قائدین یو پی اے حکومت کے کاموں کے بارے میں شعور بیدار کرنے کیلئے پیدل سفر کریں گے ۔ کانگریس ذرائع کے بموجب بہ حیثیت مجمودی امیتھی کے تمام 16 ترقی بلاکس کا 15تا 18 فبروری کے دوران احاطہ کیا جائے گا ۔ کارکن دیہی علاقوں میں گھومیں گے اور مقامی افراد تک راہول گاندھی کا پیغام اور مرکزی حکومت کے 10 سالہ دور اقتدار میں کئے ہوئے کارناموں سے عوام کو واقف کروائیں گے ۔ توقع ہے کہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی بھی کسی ایک دن پد یاترا میں شرکت کریں گے ۔ کانگریس ،یوتھ کانگریس ،سیوا دل اور این ایس یو آئی کے کارکن پد یاترا میں شرکت کریں گے ۔ یہ پد یاترا راہول گاندھی کی ہدایت پر شروع کی جارہی ہے۔