کانگریس پارٹی کو شدید مالی بحران کا سامنا

ایم پیز ‘ سابق ایم پیز و ایم ایل ایز کو تنخواہ کا عطیہ دینے کی ہدایت
نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مالیہ کی کمی کا شکار کانگریس پارٹی نے اپنے ارکان پارلیمنٹ ‘ سابق ارکان پارلیمنٹ اور سابق ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کیلئے فنڈز فراہم کریں ۔ کانگریس کو 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بدترین شکست کے بعد مالیہ کا مسئلہ درپیش ہے ۔ کل ہند کانگریس کے خازن موتی لال ووہرہ نے کانگریس کے تمام 44 ایم پیز لوک سبھا اور 65 ارکان راجیہ سبھا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ پارٹی فنڈ میں جمع کروائیں۔ دہلی کانگریس یونٹ کی جانب سے کل ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے اپنے سابق ایم پیز و سابق ارکان اسمبلی سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ فی کس ایک لاکھ روپئے پارٹی فنڈ میں جمع کروائیں ۔ یہ رقم اکٹوبر کے پہلے ہفتے میں جمع کروائی جانی چاہئے ۔ کل ہند کانگریس کے سکریٹری انچارچ دہلی پی سی چکو اور پی سی سی سربراہ اجئے ماکین پارٹی کے سابق ایم پیز و سابق ایم ایل ایز سے شخصی طور پر ملاقاتیں کرینگے اور پارٹی فنڈ جمع کرینگے ۔ پارٹی کی ریاستی قیادت سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ پارٹی کے وزرا ‘ سابق وزرا سے بھی فنڈز کیلئے رجوع ہو اور انہیں دوسروں کو بھی پارٹی فنڈ فراہم کرنے کی ترغیب دینے کیلئے کہیں۔ کل ہند کانگریس کی جانب سے سابق مرکزی وزرا سے بھی فنڈز کیلئے کہا جائیگا جنہوں نے یو پی اے کی دونوں میں کسی ایک معیاد میں وزارت سنبھالی تھی ۔