کانگریس پارٹی کسان مخالف ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری

حیدرآباد 30 اپریل ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کڈیم سری ہری نے آج کانگریس پارٹی پر اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں رکاوٹ پیدا کرنے اور نعرہ بازی کرنے پر سخت تنقید کی ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس کے ریاستی صدر اتم کمار ریڈی کے اس ریمارک پر تنقید کی کہ ٹی آر ایس حکومت مخالف کسان ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کی جانب سے ایوان کی کارروائی میں خلل پیدا کئے جانے پر شدید اعتراض کیا اور کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ حصول اراضیات بل پر ایوان میں غور ہو رہا تھا کانگریس نے جو ریوہ اختیار کیا تھا وہ مناسب نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نعرہ لگانا اور ایک اہم بل کی منظوری کے وقت ایوان کی کارروائی میں خلل پیدا کرنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر مخالف کسان ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس کی غلط حکمرانی سے ہی ریاست میں کسان خود کشی کر رہے تھے ۔ کانگریس نے کسانوں کو کھاد اور بیجوں کی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے تھے اور برقی کی قلت سے بھی کسانوں کو مسائل تھے ۔
آج امبیڈکر یونیورسٹی کا کانوکیشن
حیدرآباد۔ 30 اپریل ( سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا 21 واں کانوکیشن یونیورسٹی کیمپس جوبلی ہلز روڈ نمبر 46، حیدرآباد میں یکم مئی کو 6 بجے شام مقرر ہے۔ چانسلر یونیورسٹی ہذا و گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش شری ای ایس ایل نرسمہن شرکت اور ایم فل، پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے علاوہ گولڈ میڈلس پیش کریں گے جبکہ پروفیسر این آر مادھوا مینن چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن نئی دہلی کانوکیشن سے خطاب کریں گے۔ صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی پروفیسر سیتا راما راؤ کریں گے۔ اس کانوکیشن میں تعلیمی سال 2013ء تا 2016ء کے دوران مختلف شعبوں میں کامیاب امیدواروں کو جملہ 1,32,475 بشمول اردو ایم اے کے 35 ڈگریاں، سرٹیفکیٹس اور اسناد پیش کئے جائیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قمر سلطانہ اور سید نکہت فاطمہ کو بالترتیب تین عدد گولڈ میڈلس بھی پیش کئے جائیں گے۔