کانگریس وعدے نبھانے والی جماعت ، مختلف طبقات کیلئے سب پلان

صنعت نگر حلقہ اسمبلی کانگریس امیدوار ایم ششی دھر ریڈی کی یقین دہانی

حیدرآباد ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست نیوز)کانگریس کے سینئر قائد و امیدوار حلقہ صنعت نگر مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے کہاکہ عوام ترقی اور امن و امان کو ترجیح دیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اقلیتوں نے فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کرنے والی تلگودیشم پارٹی کو شکست دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کانگریس وعدے نبھانے والی جماعت ہے ۔ وعدے کے مطابق علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا۔ ایس ٹی ، ایس سی طبقات کیلئے سب پلان منظور کیا ۔ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا۔ اقلیتی طلبہ کو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی طرز پر فیس ری امبرسمینٹ اور اسکالرشپس فراہم کئے جارہے ہیں اور ہر سرکاری اسکیم سے اقلیتوں کو فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ کانگریس تمام طبقات اور مذاہب کا احترام کرنے والی جماعت ہے ۔ کانگریس ہی سماجی انصاف کو فروغ دے سکتی ہے ۔ کانگریس ایک قومی جماعت ہے جو اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی اور نا ہی فرقہ پرست بی جے پی سے ہاتھ ملاتی ہے جبکہ مسلمانوں سے معذرت خواہی کرنے والی تلگودیشم پارٹی نے بی جے پی سے دوبارہ اتحاد کرلیاہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر مسٹر جگن موہن ریڈی نے بی جے پی کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تائید سے دستبردار ہوجانے پر آندھراپردیش میں بی جے پی سے اتحاد کرنے کاپیشکش کیا تھا۔ ٹی آر ایس ناقابل فراموش جماعت ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے وعدے سے سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ دستبردار ہوگئے ۔ انھوں نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا بھی وعدہ کیا تھا اس سے دستبردار ہوگئے ۔ اب مسلمان کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کررہے ہیں کیا اس پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ کانگریس ہی واحد جماعت ہے ، جو وعدے کو نبھاتی ہے ۔ 30 اپریل فیصلہ کا دن ہے ۔ کانگریس کا ساتھ دیں اور ترقی میں حصہ دار بنیں ۔ تلگودیشم کی موقع پرستی اور بی جے پی کی فرقہ پرستی دونوں سماج اور ملک کیلئے نقصان دہ ہیں ۔ ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی مقابلے میں نہیں ہے، انھیں ووٹ دینا تلگودیشم کو تقویت پہونچانے کے مماثل ہوگا لہذا کانگریس کو ہی ووٹ دیں اور سیکولرازم کو استحکام بخشیں۔