کانگریس منشور کیلئے مسلم دانشوروں سے مشاورت

دہلی میں اجلاس ۔ کئی تجاویز کی پیشکشی ۔ اصلاحات پر زور
نئی دہلی 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس انتخابی منشور کمیٹی اور مسلم دانشوروں کا ایک اجلاس آج دہلی میں منعقد ہوا جس میں کئی تجاویز پیش کی گئیں ۔ ان میں پولیس اصلاحات ‘ ملک میں ہم آہنگی کیلئے مہم اور انتظامی اصلاحات بھی شامل ہیں۔ منشور کمیٹی ارکان اور مسلم دانشوروں کے مابین پارٹی کے ’’ جن کی آواز ‘‘ پروگرام کے تحت منعقد ہوا تھا ۔ اس سشن کی قیادت کانگریس قائدین سلمان خورشید اور سچن پائلٹ نے کی جو دونوں ہی منشور کمیٹی کے ارکان ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس سشن میںمسلم برادری کی کئی اہم شخصیتوں نے شرکت کی جن میں جسٹس ( ریٹائرڈ ) ایم ایس اے صدیقی ‘ سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب ‘ جامع مسجد پارلیمنٹ اسٹریٹ کے امام اور دوسرے شامل ہیں۔ کانگریس کی جانب سے سماج کے مختلف طبقات کی رائے کو اپنے منشور میں شامل کرنے کیلئے جن کی آواز مہم شروع کی گئی ہے اور کئی گوشوں سے مشاورت کی جا رہی ہے ۔ اسی سلسلہ میںمسلم دانشوروں کے ساتھ بھی اس ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ سشن میں مسلم دانشوروں نے پارٹی کیلئے کئی تجاویز پیش کیں ۔