کانگریس لیڈر بابا صدیق کے ٹھکانوں پر ای ڈی کے چھاپے

ممبئی،31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مغربی مضافاتی علاقے باندرہ میں 100 کروڑ روپے کے سلم ریہیبی لیٹیشن اٹھارٹی (ایس آر اے ) اسکیم گھوٹالے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر کانگریس کے سابق ایم ایل اے بابا صدیق اور ان کے معاون بلڈر رفیق مقبول قریشی کے پانچ ٹھکانوں پر آج چھاپے مارے۔ ایک سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ یہ چھاپے باندرہ میں اسکیم کے تحت کرایہ داروں کے بوگس دستاویزتیار کرنے کے سلسلے میں صدیق اور قریشی کے پانچ ٹھکانوں پر مارے گئے۔ اس گھوٹالے میں ان دونوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے 100 کروڑ روپے کمائے اور اس علاقے کے لوگوں کو دھوکہ دیا۔ کہا جاتا ہے کہ قریشی نے صدیق کو ایک مخصوص رقم ادا کی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد کانگریس کے سابق ایم ایل اے کی مشکلیں بڑھ جائیں گی۔ چھاپے کی کارروائی ابھی جاری ہے اور مزید چھان بین چل رہی ہے ۔