کانگریس سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رکاوٹ

رکن کونسل کے پربھاکر کا الزام، جے اے سی اجلاس پر نکتہ چینی

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں جبکہ حکومت سنہرے تلنگانہ کی تعمیر کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ریاست میں فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کو برداشت نہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے حکومت کے خلاف الزام تراشی کا آغاز کردیا ہے۔ رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر اور ٹی آر ایس کے سکریٹری جی رام چندر راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ پسماندگی کا شکار ہوچکا تھا ۔ اس وقت تلنگانہ کے قائدین نے کوئی توجہ نہیں دی۔ وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ اسی طرح پسماندگی کا شکار رہے۔ پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے کانگریس پارٹی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پراجکٹس کو ری ڈیزائین کرتے ہوئے پانی کا ہر قطرہ استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن کانگریس آبپاشی پراجکٹس کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی دراصل تلگو دیشم کے ایجنڈہ پر کام کر رہی ہے۔ تلنگانہ میں ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیرآب کرنے کے مقصد سے حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کا آغاز کیا ہے ۔ کالیشورم پراجکٹس کے ذریعہ 36 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے کالیشورم کے موضوع پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں صرف کانگریس قائدین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کے مسئلہ پر خود کانگریس قائدین کی رائے مختلف ہے۔ کانگریس کو چاہئے کہ پہلے اپنا گھر درست کریں اور آبپاشی پراجکٹس پر متحدہ موقف اختیار کرے۔ پربھاکر نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر نے اعلان کیا کہ 2019 ء کے انتخابات میں کانگریس اور تلگو دیشم متحدہ مقابلہ کریں گے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ کانگریس نے تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کیلئے تلگو دیشم کے ایجنڈہ کو اختیار کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو سیاسی فائدہ پہنچانے کیلئے کانگریس نے تلنگانہ میں انتخابی مفاہمت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں پراجکٹس کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ اب جبکہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے سنہرے تلنگانہ کی سمت پیشقدمی کی ہے ۔ کانگریس اور دیگر جماعتیں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہیں۔ پراجکٹس کے خلاف عدالت میں مقدمات دائر کئے گئے۔ کالیشورم پراجکٹ کو مرکز کی جانب سے تمام منظوریوں کے باوجود سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا ۔ کانگریس کے قائد کے ذریعہ مقدمہ دائر کیا گیا لیکن سپریم کورٹ میں ہزیمت اٹھانی پڑی ۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری جی رامچندر راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ جے اے سی اصل میں کانگریس جے اے سی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروے ستیہ نارائنا نے اتم کمار ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدہ کا امیداور قرار دیا ہے۔ اگر وہ یہی بات گاندھی بھون میں کومٹ ریڈی اور وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین کے سامنے کہیں گے تو گاندھی بھون کے باہر نہیں آسکتے ۔