کانگریس خانچہ فروشوں کی بااختیاری کیلئے جدوجہد کرے گی : راہول گاندھی

نئی دہلی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کی جانب سے خانچہ فروشوں کا بِل منظور کئے جانے کے ایک دن بعد کئی خانچہ فروشوں نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کی اور قانون کی منظوری کو یقینی بنانے میں اُن کی مدد کے لئے شکریہ ادا کیا۔ راہول گاندھی نے خانچہ فروشوں سے اپنی قیامگاہ پر ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ خانچہ فروشوں کو خانچہ فروش بِل کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اُنھیں اپنا کاروبار جاری رکھنے کا حق مل گیا ہے۔ 70 کروڑ افراد ملک گیر سطح پر لبِ سڑک کاروبار کرتے ہیں اور وہ اپنے حق کے لئے جدوجہد کررہے تھے۔ اِن 70 کروڑ افراد میں خانچہ فروش بھی شامل ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ وہ اِن تمام سے کہنا چاہتے ہیں کہ اُنھیں حقوق اور اختیارات عطا کرنا ضروری ہے اور کانگریس اِس کے لئے جدوجہد کرے گی۔ کل راجیہ سبھا نے یہ بِل منظور کردیا جس کا مقصد لبِ سڑک اشیاء کی فروخت کے کاروبار کو باقاعدہ بنانا اور شہروں میں سڑکوں پر فروخت کا کاروبار کرنے کے حقوق کا تحفظ ہے۔ اِس کے علاوہ ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا کہ پولیس اور بلدی عہدیدار خانچہ فروشوں کو ہراساں نہ کرسکیں۔ خانچہ فروش (تحفظ روزگار و باقاعدگی) بِل 2014 ء جس کو لوک سبھا نے گزشتہ سال 6 سپٹمبر کو منظوری دی تھی جو روزگار کے حقوق اور خانچہ فروشوں کی سماجی صیانت کی ضمانت دیتا ہے۔

آر ایس ایس کے سرسنچالک کا
4 روزہ دورۂ بھوپال
بھوپال 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت 4 روزہ دورہ پر بھوپال پہونچ گئے جس کے دوران وہ اپنی پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ کئی ملاقاتیں کریں گے۔ بھاگوت کل رات دیر گئے بھوپال پہونچے اور اپنے دوران قیام وہ تنظیم کے کئی عہدیداروں سے لکشمی نارائن کالج آف ٹیکنالوجی میں ملاقاتیں کریں گے۔ 23 فروری کو وہ مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزرے گا۔ مارچ پاسٹ کے بعد وہ ایک جلسہ سے خطاب کریں گے جو ماڈل اسکول پر منعقد کیا جائے گا اور جس میں آر ایس ایس کارکن شرکت کریں گے۔ وہ خواتین کے سمپوزیم میں بھی شریک ہوں گے جس کا عنوان ’’شکتی سمواد‘‘ ہے اور یہ سمپوزیم پالی ٹیکنک آڈیٹوریم میں منعقد کیا جائے گا جس میں منتخب مدعوئین شرکت کریں گے۔