کانگریس حکومت کسی ملزم کسان کو قید نہیں کرے گی : راہول

جالارا (مدھیہ پردیش) 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ اگر کانگریس مرکز میں برسر اقتدار آجائے تو 22 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور حکومت کسی بھی ملزم کسان کو جس نے بروقت زرعی قرض کی بازادائیگی نہ کی ہو، سزائے قید نہیں دے گی۔ وہ ضلع ٹیکم گڑھ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اپنی تقریر میں اُنھوں نے ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور ملک میں برقی سربراہی کی صورتحال کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی ناکامی کے خوف سے مودی کا چہرہ زرد پڑگیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ لاکھوں نوجوان نوٹوں کی تنسیخ اور جی ایس ٹی کی وجہ سے اپنی ملازمتوں سے محروم ہوگئے۔پیداواری کارخانے بازار کی طلب کے باوجود بند ہوگئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع حاصل ہوں گے اور ہر غریب خاندان کے بینک کھاتے میں 3.6 لاکھ روپئے جمع کروائے جائیں گے۔