کانگریس ایم پی سامباشیوا راؤ تلگودیشم میں شامل

چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات ‘تقسیم ریاست پر غم و غصہ کا اظہار

حیدرآباد۔31مارچ ( سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے بعد بطور احتجاج سیما آندھرا میں کانگریس قائدین کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گنٹور کے کانگریس رکن پارلیمان مسٹر رائے پاٹی سامبا سیوا راؤ نے بھی آج تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلی ۔ صدر تلگودیشم مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنی قیامگاہ پر مسٹر راؤکو پارٹی کا کنڈوا اڑھاکر تلگودیشم میں ان کا اور ان کے حامیوں کا خیرمقدم کیا ۔ مسٹر سامبا سیوا راؤ کے ہمراہ گنٹور کانگریس کے تقریباً تمام قائدین و کارکن تلگودیشم میں شامل ہوگئے ۔ سامبا سیوا راؤ کے ہمراہ تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرنے والے اہم قائدین میں مسرس آر موہن سائی کرشنا ‘ سابق میئر گنٹور کے سرینواس راؤ ‘ سکریٹری پردیش کانگریس کے رامچندر راؤ ‘ سابق صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی اے سرینواس ریڈی ‘ صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی کے رائیڈو ‘ڈائرکٹر ٹوباکو بورڈ جے رمیش کمار ڈائرکٹر ٹوباکو بورڈ جی برہمیا ‘ سابق صدرنشین ایم ایل بی گنٹور سی چودھری ‘صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی دوگیرالا بی روہنا راؤ ‘کے رام بابو ‘ اے کرشنا مورتی ‘ ضلع کانگریس قائدین اللہ بخش صدر کانگریس اقلیتی سیل گنٹور ‘سابق رکن اسمبلی مسٹر امرتا راؤ کے علاوہ ضلع ومنڈل سطح کے مختلف قائدین کے ساتھ گنٹور کانگریس محاذی تنظیموں کے قائدین شامل ہیں ۔

بعد ازاں مسٹر راؤ نے کہا کہ کانگریس نے سیما آندھرا عوام سے دھوکہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کی ترقی صرف صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو سے ہی ممکن ہے کیونکہ مسٹر نائیڈو نے اپنے سابق دور اقتدار میں ریاست کے تمام علاقوں کو منصفانہ انداز میں ترقی دی تھی ۔ بالخصوص شہر حیدرآباد کی بھی ترقی کو انہوں نے ہی یقینی بنایا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محض مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی صلاحیتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہوں نے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ رائے پاٹی سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ سیما آندھرا علاقوں کی ترقی کوئی بھی سیاسی جماعتیں نہیں دے سکتی ہیں ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سیما آندھرا عوام صرف اور صرف تلگودیشم پارٹی کو ہی آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔