کانگریس اور بی جے پی انتخابی تشہیر پر پیسہ ضائع کررہی ہیں: وشواس

امیٹھی۔/21فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج کانگریس اور بی جے پی پر انتخابی مہم کیلئے کروڑوں روپئے ضائع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ پیسہ غریبوں کی بھلائی کیلئے خرچ کیا جاتا تو یہ زیادہ بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کئی ایک سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے مگر کانگریس اور بی جے پی محض اقتدار کے حصول کیلئے کروڑوں روپئے پانی کی طرح تشہیری مہم پر بہارہے ہیں۔ اگر یہی کروڑوں روپئے ملک کی ترقی اور غریب عوام کی بھلائی پر خرچ کئے جاتے تو یہ قوم اور ملک دونوں کے مفاد میں ہوتا ۔کمار وشواس جو یہاں دھنش پور گاؤں میں ایک’’ نکڑ میٹنگ ‘‘سے مخاطب تھے کہا کہ وہ ملک سے بدعنوان اور موروثی سیاست کے خاتمہ کا خواہاں ہیں۔ وشواس جو کہ امیٹھی سے راہول گاندھی کے خلاف عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہیں کہا کہ ہماری لڑائی کسی فرد واحد کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ موروثی سیاست اور کرپٹ حکمرانی کے خلاف ہے۔