کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی سونیا گاندھی صدرنشین

نئی دہلی ۔ 11 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مجوزہ 2014 ء لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کی 50 رکنی مہم کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے فرزند راہول گاندھی نائب صدرنشین ہوں گے ۔ پارٹی نے آج یہ اعلان اس وقت کیا جبکہ چند یوم قبل یہ کہا گیا تھا کہ نائب صدر راہول گاندھی مجوزہ عام انتخابات میں پارٹی مہم کی قیادت کریں گے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے صحافت کو جاری ایک بیان میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو دیئے گئے

ان نئے عہدوں کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ دیگر 7 مرکزی وزراء اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں جو تقریباً دو گھنٹے جاری رہا، یہ فیصلہ کیا گیا۔ حالانکہ اس سے پہلے کانگریس قائدین کا یہ موقف تھا کہ راہول گاندھی پارٹی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ اس کمیٹی میں کسی بھی چیف منسٹر ، صدر پردیش کانگریس یا سی ایل پی لیڈر کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔