کانپور پولیس کو ہفتہ وار چھٹی

ذہنی اور جسمانی تناؤ پر قابو پانے کے لیے انوکھا تجربہ
کانپور ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): پولیس ملازمین میں ذہنی تناؤ پر قابو پانے کے لیے کانپور پولیس نے اپنے عملہ کو ہفتہ واری چھٹی ( تعطیل ) دینے کا فیصلہ کیا جو کہ شہر کے پولیس اسٹیشنوں میں پہلا تجربہ ہوگا ۔ مہاراج پور پولیس اسٹیشن میں متعین پولیس عملہ کو کل سے چھٹیوں کی منظوری عمل میں آئے گی ۔ کانپور کے ایس ایس پی مسٹر شہالب ماتھر نے بتایا کہ حکومت اترپردیش کی ہدایت پر ایک پولیس اسٹیشن میں ایک پائلٹ پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے ۔ اگر یہ پراجکٹ کامیاب ہوگیا تو ضلع کے تمام پولیس اسٹیشن میں عمل درآمد کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کا مقصد پولیس عملہ کے ذہنی اور جسمانی تناؤ گھٹانے کی سمت پیشرفت کرنا ہے ۔ تاہم پولیس ملازمین ہفتہ وار چھٹی کے دن سیل فون بند نہیں رکھنا چاہئے تاکہ ہنگامی حالات کی صورت میں انہیں طلب کیا جاسکے ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس کا عملہ ایک دن میں 24 گھنٹے اور بغیر کسی ہفتہ واری چھٹی کام کرتا ہے جس کی وجہ سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہورہی ہے اور ان کے کام کرنے کی صلاحیت میں گراوٹ آرہی ہے ۔۔