کانپور اور حیدرآباد سے بھیک مانگنے لائے گئے 44بچوں کی رہائی

بھوپال، 21مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بھوپال ڈویزن میں بچوں سے بھیک منگوانے والے دو گروہوں کا پردہ فاش کرتے ہوئے 44بچوں کو بچایا گیا ہے ۔سرکاری اطلاع کے مطابق یہ مہم بھوپال ڈویزنل کمشنر کلپنا سریواستو کے ڈویزن کو بچوں کے بھیک مانگنے سے پاک بناکر انہیں خوشحال زندگی دینے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے تحت چلائی گئی۔ دونوں گروہوں سے 44بچوں کو آزاد کراتے ہوئے 7مرد اور 15 خواتین کو پکڑا گیا ہے ۔ بچوں کو ہوسٹل میں رکھا گیا ہے ۔ان میں سے 26بچے ، تین مرد اور 9خواتین کو جہانگیر آباد تھانہ علاقہ سے جبکہ 18بچے ، 4مرد اور 7خواتین کو اشوک گارڈن علاقہ سے پکڑا گیاہے ۔ تمام سے پوچھ گچھ جاری ہے جس میں انکشاف ہوا کہ بچوں کو حیدرآباد سے تقریباََ دو مہینے پہلے یہاں لاکر دو کمروں میں رکھا گیا تھا او ر ان سے بھیک منگوائی جارہی تھی۔ تمام بچے ٹھیک ٹھاک ہیں لیکن ان کا برا حلیہ بناکر ان سے بھیک منگائی جارہی تھی۔ اسی طرح اشوک گارڈن سے ملے بچوں کو کانپور سے لایا گیا ہے ۔ تمام بچوں کی عمر تین سے 15برس کے درمیا ن ہے ۔کمشنرسریواستو نے بتایا کہ تک مختلف مذہبی مقامات کے باہر، ٹریفک سگنل، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ پر تقریباََ 500بچے بھیک مانگتے ہوئے ملے۔