کانسٹبل شوہر کے ہاتھوں ، کنڈکٹر بیوی کا بیدردانہ قتل

حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دن دھاڑے خاتون بس کنڈکٹر جمنا رانی کا اس کے شوہر وینکٹیشور نائیک نے بیدردانہ قتل کردیا۔ یہ واقعہ آج دوپہر پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ برطرف شدہ کانسٹبل وینکٹیشور نائیک اپنی بیوی جمنا رانی کے چال چلن پر شبہ کررہا تھا جس کے سبب دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا اور گزشتہ چار ماہ سے دونوں نے علحدگی اختیار کرلی تھی۔ جمنا رانی آر ٹی سی بس کنڈکٹر کی حیثیت سے ملازمت کررہی تھی

اور آج وہ کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے روبرو بس اسٹاپ پر موجود تھی کہ وینکٹیشور نائیک نے وہاں پہنچ کر اس جھگڑنے لگا اور برہمی کی حالت میں نائیک نے اپنی بیوی جمنا رانی پر چاقو سے وار کردیا۔ اس حملہ میں بیوی شدید زخمی ہوگئی اور دواخانہ منتقلی کے دوران وہ فوت ہوگئی۔ یہ واردات کاچی گوڑہ پولیس اسٹیشن سے بالکل قریب پیش آئی۔ پولیس کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر وینکٹیشور نائیک کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے قتل میں استعمال کی گئی چاقو ضبط کرلیا۔ انسپکٹر کاچی گوڑہ مسٹر لکشمی نارائنا نے بتایا کہ ملزم شوہر اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کررہا تھا جس کی وجہ سے اس نے جمنا رانی کا قتل کیا۔ مقتول کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا گیا۔