کام والیوں کو اپنا راز نہ بتائیں

اکثر خواتین کو اپنے گھروں میں کام کرنے والی ماسیوں سے باتیں کرنے کی عادت ہوتی ہے ۔ محلے کے دیگر گھروں کی سن گن اور وہاں کے حالات و واقعات سے باخبر رہنے کیلئے ماسیوں کا ہی سہارا لیا جاتا ہے ۔ کئی علاقوں میں ایک ہی ماسی مختلف اوقات میں محلے کے کئی گھروں میں ایک ساتھ کام کرتی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ انہیں اکثر گھروں کے اندرونی معاملات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے ۔ اگر آپ کو بھی اپنے گھر میں کام کرنے والی ماسی سے باتیں کرنے کی عادت ہے تو سوچ لیں کہ جس طرح وہ آپ کو دوسروں کے گھروں کی باتیں مرچ مسالہ لگاکر بتاتی ہے ، بالکل اسی طرح وہ آپ کے گھر کی باتوں کو محلے کے دوسرے گھروں میں جاکر بتاتی ہوں گی ۔ کوشش کریں کہ ماسی کو صرف گھر کے کاموں میں مصروف رکھیں ۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ ایسی ماسیاں جو زیادہ باتیں بناتی ہیں وہ گھر کے کاموں کو کرنے میں بھی دیر کرتی ہیں ۔ اس لئے اپنے گھر میں کام کرنے والی ماسی سے کہیں کہ وہ کام تیزی سے نمٹائے اور باتیں کم بنائے ۔ اسی طرح وہ جب بھی کسی دوسرے کے گھر کی بات کرنی شروع کرے ، آپ اسے فوراً کوئی کام بتادیں یا اس کی بات اس طرح سرسری انداز میں سنیں کہ جیسے آپ کو اس کی باتوں سے کوئی سروکار نہیں ۔ جب آپ اس کی باتوں میں ذرا سی بھی دلچسپی نہیں لیں گی تو وہ یقیناً آپ کی جانب سے توجہ نہ پاکراکتاہٹ کا شکار ہوجائے گی اور اگلی مرتبہ آپ سے باتیں کرتے وقت محتاط رہے گی ۔ بہتر یہی ہے کہ آپ بھی دوسروں کے حالات جاننے میں دلچسپی نہ لیں بلکہ ماسی کو بھی خبردار کردیں کہ وہ آپ کے گھر کی باتیں کہیں اورجاکر ہرگز نہ کرے اور اگر اس نے ایسا کیا تو آپ اسے نوکری سے بھی نکال سکتی ہیں ۔ اس طرح دوسروں کے گھروں میں جائے گی ضرور لیکن آپ کے گھر کی باتیں چاردیواری میں ہی رہیں گی ۔