کامیابی کے باوجودکچھ پہلووں پر بہتری درکار:آرون فنچ

شارجہ ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کپتان آرون فنچ نے کہا کہ شارجہ جیسی وکٹوں پر نئے بیٹسمینوں کے ساتھ بہت زیادہ گہرائی تک جانا ممکن نہیں ہوتاکیونکہ وکٹ پر پہنچ کر تیزی سے رنز نہیں بنائے جا سکتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عماد وسیم کے اوورزگزارنا چاہتے تھے کیونکہ وہ براہ راست وکٹوں اور پیڈزکو اپنا ہدف بنا کر سخت چیلنج کا باعث بن جاتے ہیں اور ان کیخلاف خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا لہٰذا انہوں نے کوشش کی کہ آخری وقت تک وکٹ پر موجود رہیں۔ فنچ نے کہا کہ عثمان خواجہ بھی بہت اچھی فارم میں ہیں۔ فی الحال سب کچھ اچھا چل رہا ہے لیکن اب بھی کچھ پہلووں پر بہتری درکار ہے جس کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ آسٹریلیائی کپتان نے کہا کہ انکی ٹیم پاکستان کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کریگی۔ دو میچوں میں کامیابی کے بعد انکی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔