کال ڈراپس : وزیر مواصلات کو برطرف کیا جائے : کانگریس

نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کال ڈراپس کے مسئلہ کو حل کرنے میں ناکامی کا حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر ٹیلیکام مسٹر روی شنکر پرساد کو ان کی نا اہلی کی بنا پر فوری برطرف کیا جانا چاہئے ۔ پارٹی ترجمان شکیل احمد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سکنڈ کیلئے بھی موبائیل فون پر بات کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اور سب سے زیادہ مسئلہ سرکاری ایم ٹی این ایل اور بی ایس این ایل کے نیٹ ورک میں ہو رہا ہے ۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ متعلقہ وزیر کو فوری طور پر کابینہ سے علیحدہ کردینا چاہئے کیونکہ وہ کال ڈراپس کے سنگین ہوتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ یہ مسئلہ وزیر موصوف کی نااہلیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے تاہم وزیر موصوف کا نام نہیں لیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ماہ اگسٹ کے آحری ہفتے میں کال ڈراپس مسئلہ پر تشویش ظاہر کی تھی ۔