کالیشورا مکتیشورا سوامی مندر سیاحتی مقام کے طور پر فروغ

600 ایکڑ اراضی کا حصول، حکومت تلنگانہ کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کالیشورا مکتیشورا سوامی مندر واقع بھوپلا پلی کو مذہبی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کرے گی اور اس مقصد کیلئے خانگی ‘ سرکاری اور جنگلات کی 600 ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنی اہلیہ و دیگر قائدین کے ہمرا کالیشورا سوامی مندر کے درشن اور خصوصی پوجا کے بعد مندر کے ترقیاتی کاموں کیلئے 100 کروڑ کی تخصیص کا اعلان کیا اور کہا کہ اس مقام کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے اور فوری 100 کروڑ کی اجرائی کے علاوہ مندر کے اطراف موجود اراضیات کے حصول کے اقدامات کئے جائیں گے۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس فیصلہ کے بعد کالیشورا مندر ریاست کا دوسرا یدادری ہوگا جسے حکومت کی جانب سے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ ریاستی حکومت خود ان منادر کے امور کی راست نگرانی کرتے ہوئے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گی۔چیف منسٹر نے خصوصی پوجا اور درشن کے بعد مندر کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مندر کے پجاریوں اور انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا اور اس دوران پجاریوں نے انہیں اس بات سے واقف کروایا کہ مذکورہ مندر کی ترقی کے اقدامات کی صورت میں کس طرح کی خصوصی پوجا منعقد کی جا سکتی ہے ۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ فوری مندر کے ترقیاتی پراجکٹ کی تیاری کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور اطراف جو جائیدادیں قانون حق حصول اراضی کے تحت حاصل کی جانی ہیں ان جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جائے۔