کالم نگاری کیلئے ضروری ہدایات

آرٹیکل رائٹنگ یعنی کالم نگاری اخبار میں ہو یا انٹرنیٹ پر دونوں میں مکمل عبور ہونا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ کسی اخبار یا ویب سائیٹ کی شہرت اور مقبولیت کا انحصار آپ کے طرز بیان پر منحصر ہوتا ہے۔ اس لئے مضمون لکھنے کیلئے تمام ضروری ہدایا ت کو مدنظر رکھنا چا ہئے ۔
کسی بھی فیلڈ میں یا مخصوص اداریہ لکھنے کے لئے اس میں بہت زیادہ تجربہ اور علم ہونا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اگر آپ منتخب شدہ آرٹیکل کے بارے میں مکمل معلومات سے ناآشانا ہیں تو کئی ابہام باقی رہ جاتے ہیں۔ تاہم ایسے آرٹیکل کو تحریر یاشائع کیا جائے جس پر آپ کو مکمل دسترس حاصل ہو۔ آرٹیکل کے عنوان کے انتخاب کے بعد آرٹیکل کے متعلقہ تمام معلومات کو فرضی طور پر یکجا کرلیا جائے۔

پھر اس کے بعد ان نقاط کو تفصیل سے تحریر میں لایا جائے۔ تعارفی اسٹرکچر آرٹیکل میں پہلا تاثر ہوتا ہے ۔اگر تعارفی پیرا گراف بہتر اور منفرد ہو تو پڑھنے والا آپ کی تحریر کو دل جمعی اور توجہ سے پڑھنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ اس لئے ابتدائی پیراگراف کو زیادہ اہمیت دینی چاہئے۔ اپنے میں دلچسپ الفاظ اور دلچسپ معلومات کا عنصر پیدا کریں۔ اگر کوئی تنقیدی آرٹیکل ہو تو تمام قسم کے پڑھنے والوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریری انداز اپنانا چاہئے تاکہ پڑھنے والے اکتاہٹ اور بیزارگی محسوس نہ کریں۔ اپنے خیالات کا اظہار نہایت واضح الفاظ میں کریں۔ زبان نہایت سادہ ہونی چاہئے تاکہ ہر حلقہ کے لوگ آپ کی تحریر کو سمجھ سکیں۔

لمبے اور مشکل پیراگراف کی بجائے مختصر اور آسان فہم پیرا گرافوں پر توجہ دیں کیونکہ اس سے پڑھنے والے پر اچھا تاثر پڑتا ہے۔ اپنی رائے کے اظہار اور خیالات کے ساتھ مناسب مثال ضرور دیں تاکہ پڑھنے والے کو آپ کے خیالات سے تشفی حاصل ہو۔ آرٹیکل لکھتے وقت یہ بات ذہن نشین ہونی چاہئے کہ آپ کا مقصد صرف اور صرف پڑھنے والے کو متاثر کرنا اور معلومات دینا ہونا چاہئے۔اگر آپ کوئی ادبی موضوع پر لکھ رہے ہیں تو اس کے متعلق تمام ادبی شخصیات کے کارناموں کو زیر بحث لایا جائے۔ آرٹیکل پر مکمل بحث کرنے کے بعد اس کو بہتر انداز میں کسی نتیجے پر پہنچایا جاتا ہے۔ اس کیلئے اگر کوئی اختلافی موضوع ہو تو دو طرفہ پالیسی پر عمل کیا جائے اور اس کا فیصلہ پڑھنے والے پر چھوڑ دیا جائے۔آپ کے آرٹیکل میں معلومات کے حوالے سے کوئی تشنگی نہیں ہونی چاہئے۔ اگر آپ کوئی معلومات دے رہے ہیں تو مکمل دی جائے۔ علاوہ ازیں آن لائن آرٹیکل میں مزید محنت کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ لاکھوں لوگ مختلف آرٹیکل پڑھ چکے ہوتے ہیں۔ ان کے لئے آپ کو نیا اور منفرد انداز اپنانا ہوتا ہے۔ اس لئے ہمیشہ اپنی تحریری مہارتوں کو مثبت انداز میں استعمال کیا جائے۔