کالا دھن کا انکشاف کرو ، آرام کی نیند سوجاؤ

اسکیم سے عدم استفادہ پر سخت مشکلات ، ارون جیٹلی کاانتباہ

ٹوکیو ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کالا دھن رکھنے پر اپنا موقف درست نہ کرلینے کی صورت میں ’سخت مشکلات‘ کا انتباہ دیتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ غیرمحسوب اثاثہ جات رکھنے والوں کو اگر وہ آرام کی نیند سونا چاہتے ہیں تو چہارشنبہ سے محدود مدت کیلئے شروع ہورہی اسکیم سے استفادہ کرنا چاہئے ۔ انکم ڈکلیریشن اسکیم 2016 ء کے تحت چار ماہ کیلئے خصوصی رعایت کا یکم مئی سے آغاز ہورہا ہے ۔ اس کے تحت اندرون ملک کالا دھن رکھنے والے اپنی کا دولت پر ٹیکس اور جرمانہ مجموعی طورپر 45 فیصد ادا کرتے ہوئے اسے باقاعدہ بناسکتے ہیں۔

ارون جیٹلی نے کہ کہ یہ ونڈواسکیم یکم جون سے شروع ہورہی ہے اور غیرمحسوب اثاثہ جات رکھنے والوں کیلئے ان کا مشورہ یہی ہے کہ اس کا اعلان کریں اور ٹیکس ادا کریں، پھر آرام کی نیند سوجائیں۔ بصورت دیگر انکشافات کو زیادہ سے زیادہ عوام کے سامنے لایا جائے گا اور ان کی مشکلات بھی بڑھ جائیں گی ۔ ارون جیٹلی اس وقت جاپان کے چھ روزہ دورہ پر ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ یہ سہولت صرف کمپنیوں کو ہی نہیں بلکہ عوام کیلئے بھی ہے جن کے پاس غیرمحسوب اثاثہ جات موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب کالا دھن قانون بیرونی اثاثہ جات کے بارے میں قانون منطور کیا گیا اُس وقت انھوں نے کہاتھا کہ برائے مہربانی اپنے اثاثہ جات کا اعلان کردیں اور آرام کی نیند سوجائیں۔ اگرانھوں نے ایسا نہیں کیا ، اُن کے نام عوام کے سامنے پیش کردیئے جائیں گے خواہ وہ پناما پیپرز میں ہوں یا کہیں اور ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اب ان کی راتوں کی نیند حرام ہوجائیگی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ریزرو بینک گورنر رگھورام راجن پر تنقیدوں کی مذمت کی اور کہا کہ مسائل اور پالیسیوں کے بارے میں بحث ہونی چاہئے ، شخصیتوں کے بارے میں نہیں۔ تاہم انھوں نے راجن کی میعاد میں توسیع کے تعلق سے تبصرہ نہیں کیا۔ اُن کی تین سالہ میعاد جاریہ سال ستمبر میں ختم ہورہی ہے ۔