کالا دھن واپس لانا آسان نہیں

احمدآباد ۔ یکم ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نامور سیاستداں ومورخ لارڈ بھیکو پاریکھ نے آج کہا کہ کالا دھن واپس لانا اتنا آسان نہیں اور اگر ایسا ہو بھی جائے تو ملک سے غربت ختم نہیں ہوگی بلکہ افراط زر کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے یہاں ایک لکچر دیتے ہوئے کہا کہ عام طورپر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کالا دھن واپس آنے سے غربت کا خاتمہ ہوگا ، حقیقت تو یہ ہے کہ اس سے افراط زر کی شرح بڑھے گی ۔ ویسے مستقبل قریب میں کالا دھن ملک واپس لانے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ پاریکھ برطانیہ کی ایوان پارلیمنٹ کے رکن ہیں ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان حقیقی جمہوری ادارہ قائم کرنے کے معاملے میں کافی پیچھے ہے۔ یہاں انتخابات کیلئے بہتر ادارہ قائم ہوگیا لیکن قدیم برطانوی نظام کو جمہوری نہیں بنایا جاسکا ۔ چنانچہ آج بھی سیاستدانوں اور پولیس کو برتر موقف حاصل ہے ۔