کاسٹیوم جیویلری

موسم چاہے بہار کا ہو یا چلچلاتی گرمی کا… کاسٹیوم جیویلری کے دلفریب رنگ آپ کی زندگی میں ہمیشہ بہار کا سماں پیدا کرسکتے ہیں، تاہم یہاں اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
لباس اور زیورات آپ کی شخصیت کا آئینہ ہوتے ہیںاس لئے محض فیشن کی دوڑ میں شامل رہنے کے شوق میں اپنے اسٹائل یا مزاج کے برخلاف کوئی بھی چیز منتخب نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کی شخصیت میں نکھار آنے کی بجائے ’’بگاڑ‘‘ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ لہذا زیورات کی رنگ برنگی کہکشاں سے اپنے لئے نت نئے زیور منتخب ضرور کریں لیکن خریدنے سے پہلے انہیں دیکھ لیں کہ کونسا زیور آپ پر کتنا سجتا ہے۔ اس بار ملبوسات اور دیگر لوازمات کے ساتھ جیویلری کیلئے بھی آپ کے پاس ورلڈ کلر اتھاریٹی کی رہنمائی موجود ہے جس کے مطابق نئے کلر ٹرینڈ کی جیویلری مارکٹ میں آچکی ہے۔ اس لئے شوخ رنگ زیورات کے ساتھ دھیمے اور ہلکے رنگوں کے زیورات بھی دکانوں پر دستیاب ہیں۔ فطرت کے نظاروں سے نزدیک تر دھیمے رنگ اس بار کلر اتھاریٹی کا پہلا انتخاب ہیں۔ جن میں آسمانی، اودا اور ہلکا سبز رنگ شامل ہے۔ یہ ایسے رنگ ہیں کہ ان پر مشتمل جیویلری کسی بھی ہلکے یا گہرے رنگ کے لباس کے ساتھ پہنی جاسکتی ہے ۔