کاسمیٹک اشیاء کی خریدی و استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ

محکمہ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کو حیرت انگیز نتائج برآمد، کئی نقلی اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 30 مئی (سیاست نیوز) جسمانی امراض کی ادویات کے بعد سب سے زیادہ جلد کے امراض کی ادویات اور بناؤ سنگار کے کاسمیٹک اشیاء مارکٹ میں فروخت ہوتے ہیں۔ تاہم ایسے شہری بالخصوص خواتین جو بناؤ سنگار کی اشیاء پر بہت زیادہ رقم خرچ کرتے ہیں۔ اب انہیں اشیاء کی خریداری میں احتیاط برتنا ہوگا۔ من مانی خریداری اور بغیر جانچ کے اشیاء کے استعمال سے نہ صرف جلد کو نقصان بلکہ رقم بھی برباد ہوتی ہے چونکہ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے اپنی کارکردگی میں کچھ ایسے ہی حیرت انگیز نتائج کو منظرعام پر لایا ہے اور ایسے اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جہاں یا تو غیرتجربہ کار افراد کی غیرمجاز ایجنسیاں ہیں یا پھر ان مقامات پر اشیاء ناقص ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ سابق میں ٹاسک فورس پولیس کے دھاوے میں جو بیگم بازار علاقہ میں انجام دیئے گئے تھے، ٹاسک فورس کی ان کارروائیوں میں مصروف بین الاقوامی برانڈیڈ کاسمیٹک کی نقلی اشیاء ضبط کرلی گئی تھیں جو کاسمیٹک سے تعلق رکھتی تھی۔ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے میڈیکل دوکانات ادویات کی ایجنسیوں اور بڑے کارپوریٹ و چھوٹے ہاسپٹلس کے بعد اب کاسمیٹک اشیاء کو فروخت کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کے خلاف کارروائی انجام دی۔ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ایک وقت میں ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے دھاوے انجام دیئے۔ یہ بات ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن مسٹر ڈاکٹر اکون سبروال نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اسوسی ایشن کی جانب سے شکایتیں بھی وصول ہوئی تھیں اور ڈپارٹمنٹ نے بھی اس جانب کارروائیوں کی ضرورت کو محسوس کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی ٹیموں کے ذریعہ ریاست بھر میں دھاوے کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں ماہرین کی جانب سے رائے مشورہ حاصل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سکندرآباد میں 4، سنجیوا ریڈی نگر میں 4، گولی گوڑہ اور چکڑ پلی میں 3، ملکاجگری میں 5، سرور نگر میں ایک، حیات نگر میں 2، راجندر نگر میں 4، جیڈی میٹلہ میں 3 ۔ اس طرح نظام آباد میں 8، کریم نگر میں 15، ورنگل میں 12، محبوب نگر میں 12، کھمم میں 6، نلگنڈہ میں 13 اور عادل آباد میں 9، ضلع میدک میں 11 افراد و ایجنسیوں کے خلاف کارروائی انجام دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے خواتین کے تحت ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے ایسی مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔