کار میں منتقلی کے دوران 2.25کروڑ روپئے جل گئے

حیدرآباد۔/30اپریل، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ میں سوریہ پیٹ کے قریب ایک انووا کار میں 2.25 کروڑ روپئے جل کر خاکستر ہوگئے۔ الیکشن کمیشن اور پولیس نے انتخابی مہم پر خصوصی نظر رکھی تھی تاہم آج ایک انووا کار جس کا نمبر اے پی۔09 بی ٹی 8289 ہے اس کار سے جلے ہوئے نوٹ دستیاب ہوئے۔ ڈرائیور کے بشمول کار میں بیٹھا ہوا شحص فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے خصوصی بندوبست کے باوجود ووٹ برائے نوٹ کا کاروبار جاری ہے۔ واضح رہے کہ انووا کار پر ایم ایل اے اتم کمار ریڈی کے نام کا اسٹیکر لگا ہوا ہے

جو اس وقت تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کار میں اچانک آگ لگ گئی۔ یہ نوٹ کار کے انجن میں چھپائے گئے تھے۔ گرمی کی شدت اور کار کے انجن کی حدت سے اچانک نوٹوں کو آگ لگ گئی جس پر ڈرائیور اس کار میں سوار دوسرا شخص جو چوکنا ہوگئے اور جو نوٹ جل چکے تھے انہیں وہیں چھوڑ کر بغیر جلے ہوئے نوٹ اپنے ساتھ لیکر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع واردات پر پہنچ کر جلے ہوئے نوٹ اور کار کو ضبط کرلیا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مذکورہ کار پوٹان انرجی اسٹیمس کمپنی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ میڈیا میں نوٹ جل جانے کی خبر نشر ہونے پر چیف الکٹورل آفیسر بھنور لعل نے کلکٹر ضلع نلگنڈہ اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو فوری اس کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔

سابق ڈی جی پی و امیدوار حلقہ ملکاجگری حلقہ پارلیمان وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر دنیش ریڈی نے دادا گری کرتے ہوئے اپنے ساتھ 50کارکنوں کو لے کر رامنتا پور کے ایک پولنگ بوتھ میں گھس پڑے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ایجنٹ کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے پر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ پولیس کے عہدیدار وں نے انہیں روکنے کی بھی کوش کی۔ اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی وہاں پہنچ گئے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ایجنٹ پر پولنگ اسٹیشن میں انتخابی مہم چلانے کا الزام عائد کیا گیا اس لئے گرفتار کیا گیا۔عنبر پیٹ میں کانگریس کے امیدوار مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی کے ایک کارکن کو تھپڑ ماردیا جس پر ان کے خلاف بی جے پی کے کارکن نے پولیس میں مقدمہ درج کرایا ۔ بعد ازاں مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی کارکن پر تھپڑ رسید کرنے کی تردید کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر سے اس کی شکایت کی۔ بھنور لعل نے انہیں سٹی کمشنر پولیس کو تحریری شکایت کرتے ہوئے انہی بھی اس کی ایک کاپی روانہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں سابق ریاستی وزیر مسٹر ایم مکیش گوڑ کے فرزند مسٹر وکرم گوڑ نے تلگودیشم کے ایک مقامی قائد پر حملہ کردیا۔ اطلاع ملتے ہی بی جے پی کے امیدوار راجہ سنگھ موقع واردات پر پہنچ گئے اور زخمی تلگودیشم قائد کو عثمانیہ ہاسپٹل روانہ کرتے ہوئے وکرم گوڑ کو فوری گرفتار کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا۔