کارپوریٹ کالجس نے کمال کردیا ایس ایس سی امتحانات کے دوران انٹر سال اول میں داخلے

حیدرآباد ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بھلے ہی انٹر میڈیٹ تعلیم بورڈ نے انٹر میڈیٹ کالجس کے لیے 29 مارچ سے 31 مئی تک گرمائی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے لیکن کئی کارپوریٹ کالجس میں انٹر میڈیٹ سال دوم کی کلاسیس شروع ہوگئی ہیں اور 8 اپریل سے انٹر میڈیٹ سال اول کی کلاسیس کے آغاز کی تیاریاں ہورہی ہیں جب کہ ایس ایس سی امتحانات 7 اپریل کو ختم ہورہے ہیں ۔ کارپوریٹ کالجس کی کئی برانچس میں انٹر سال اول میں داخلے مکمل کرلیے گئے ہیں حالانکہ ایس ایس سی امتحانات ہنوز جاری ہیں ۔ کارپوریٹ کالجس کے ایجنٹس نے سرپرستوں کو ڈسکاونٹ کے لالچ اور برسوں سے برانچس کی کامیابی کے ریکارڈ کے ساتھ بچوں کو کالجس میں داخلے دلانے پر راغب کیا ہے ۔ کالج مینجمنٹس کمال ہوشیاری سے ٹاپ طلبہ کے لیے ہی کلاسیس کا اہتمام کررہے ہیں وہ طلبہ کو JEE یا AIIMS جیسے آل انڈیا مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کرنے میں ایک دن بھی ضائع کرنا نہیں چاہتے ۔ عہدیداروں اور طلبہ یونینوں کے امکانی ردعمل سے بچنے کے لیے چنندہ ٹاپ اسٹوڈنٹس کی یہ کلاسیس نامعلوم مقامات پر چلائی جارہی ہیں ۔ سابق میں طلبہ یونینوں اور عہدیداروں نے ایسی کلاسیس پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا ۔ شروع میں بیس تا تیس کالجس میں کلاسیس کا اہتمام کیا گیا ہے آئندہ چند ہفتوں میں تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ بعض ادارے ، کالجس چلانے کے لیے اسکولس کی عمارتیں استعمال کررہے ہیں ۔ اسکولس میں کلاسیس پر کوئی تحدیدات نہیں ہیں ۔ صدر گورنمنٹ جونیر لکچررس اسوسی ایشن مدھوسدن ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ صرف انجینئرنگ اور میڈیکل انٹرنس کیلئے سکنڈ ایر طلبہ کو تیار کررہے ہیں ۔ سکنڈ ایر کی کلاسیس نہیں ہورہی ہیں ۔۔