کاروان کے فرنیچرگودام میں مہیب آتشزدگی

آگ بجھانے تین گھنٹوں تک جدوجہد، 2.5کروڑ مال خاکستر
حیدرآباد /13 مئی ( سیاست نیوز ) کاروان کے علاقہ مغل کا نالہ پر پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں فرنیچر گودام جل کر خاکستر ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ آج صبح 10.15 بجے اس وقت پیش آیا جب گودام کے ایکزاسٹ فیان کے شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں آگ لگ گئی ۔ اندرون چند منٹ آگ نے ’’فرنیچر فیاکٹری ‘‘ گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ گودام کے مالک محمد کلیم کو ان کے ملازمین نے بذریعہ فون یہ اطلاع دی کہ گودام میں آگ لگ گئی ہے جس کہ نتیجہ میں کلیم نے فائر کنٹرول روم کو آگاہ کیا ۔ آگ لگنے کے بعد گودام میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور وہاں کے کاریگر گودام چھوڑکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے ۔ تقریباً ایک گھنٹہ کے بعد دو فائر انجن مقام حادثہ پر پہونچنے تک گودام مکمل طور پر جل چکا تھا ۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی کے زیر قیادت فائر انجن عملے نے تین گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر گودام ٹین شیڈ سے بنایا گیا تھا جس کے نتیجہ میں مکمل طور پر نقصان پہونچا ہے ۔ اس سلسلے میں گودام کے مالک محمد کلیم نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ایک سال قبل فرنیچر فیاکٹری کے نام سے فرنیچر گودام قائم کیا تھا اور کئی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 کاریگر ان کے گودام میں ملازمت کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع میں 2.5 کروڑ کا مال جل کر خاکستر ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بھائیوں کی شراکت داری سے یہ گودام قائم کیا گیا تھا اور اچانک آتشزدگی کے واقعہ سے انہیں بھاری نقصان پہونچا ہے ۔ پولیس ٹپہ چبوترہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور محکمہ فائر کی جانب سے بھی اس حادثہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔