کار، ٹی وی ، فریج جمعرات سے مہنگے ہوں گے حکومت نے اکسائیز رعایت کو برخاست کردیا، 1000 کروڑ کی زائد آمدنی متوقع

نئی دہلی ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کاروں ، ٹی وی اور فریج جیسی اشیاء کی قیمتوں میں جمعرات سے اضافہ ہوگا۔ حکومت نے فروری میں دیئے گئے اکسائیز ڈیوٹی رعایتوں کو برخاست کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ حکومت کیلئے فائدہ مند ہوگا اور مابقی تین مالیاتی مہینوں کے دوران سرکاری خزانہ میں ایک ہزار کروڑ روپئے آمدنی جمع ہوسکتی ہے۔ وزارت فینانس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ جنوری سے حکومت آٹو شعبہ اور صارفین کے تعیش پسندانہ اشیاء پر سے اکسائیز ڈیوٹی رعایت میں توسیع نہیں کر رہی ہے۔ اس فیصلہ سے آنے والے تین مہینوں کے دوران حکومت کو ایک ہزار کروڑ کی زائد آمدنی ہوگی۔ اس طرح حکومت اندرون ملک مجموعی پیداوار کا 4.1 فیصد مالیاتی خسارہ نشانہ کو حاصل کرنا چاہتی ہے

لیکن یہ اضافی آمدنی موٹر کاروں اور الیکٹرانک گڈس کی فروخت پر ہی منحصر ہوگی۔ سابق یو پی اے حکومت نے دونوں شعبوں میں ترقی لانے کی نیت سے جدوجہد کی تھی۔ معاشی سست رفتاری کے پیش نظر اس نے کاروں ، ایس یو ویز، موٹر سیکلوں اور دیگر الیکٹرانک اشیاء پر اکسائیز ڈیوٹی میں رعایت کی تھی۔ اس سال فروری میں پیش کردہ عبوری بجٹ میں یہ رعایت دی گئی تھی لیکن اب برخاست کی جائے گی ۔ چھوٹی کاروں ، اسکوٹروں اور موٹر سیکلوں اور کمرشیل وہیکلس پر سابق میں 12 فیصد اکسائیز ڈیوٹی لی جاتی تھی جس کو کم کر کے 8 فیصد کیا گیا تھا۔ جون میں وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت نئی حکومت نے اکسائیز ڈیوٹی کی رعایتوں میں مزید 6 ماہ کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 31 ڈسمبر تک توسیع دی تھی جس کی مدت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی جبکہ کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے رسمی مکتوب کا انتظار ہے ، جس کے بعد ہی وہ قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کریں گی ۔